یبٹ آباد!25فروری، 2021واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی ایبٹ آباد نے یونیسف کی مالی تعاون سے ضلعی انتظامیہ، محکمہ تعلیم (مردانہ اور زنانہ)، پرائیویٹ ایجوکیشنل ا نسٹی ٹیوشنز منجمنٹ ایسو سی ایشن، جامعہ مساجد، ڈسٹرکٹ بار ایسو سی ایشن، آل ٹریڈ فیڈریشن، چرچز اور پریس کلب کے نمائندوں میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے جراثیم کش اسپرے کرنے کے لئے 600پمپس تقسیم کرنے کے لئے تقریب کا انعقاد کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹیو آفیسر انجینئر نورقاسم خان نے کہا کہ واساایبٹ آبادنے کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں اول دستے کا کا م کیااور شہریوں کو وباء سے بچنے کے حوالے سے آگاہی مہم چلائی، ہینڈ واشنگ سٹیشن لگائے، سرکاری عمارات اور ہسپتالوں میں جراثیم کُش سپرے کیا۔ ڈس انفکشن پمپس کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ سرکاری اداروں کو سپرے پمپ دینے کا مقصدیہ ہے کہ وہ اسے بوقت ضرورت خود استعمال کرسکیں۔اس موقع پر یونیسف کے نمائندہ محمد شعیب نے واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی ایبٹ آباد کو کامیابی سے تمام منصوبوں پر عمل درآمد کرانے پر خراج تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ یونیسف آئندہ بھی شہریوں بالخصوص بچوں کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن اقدامات اُٹھائے گا۔ تقریب کے دوران واسا کی لیبارٹری ٹیم نے عملی طور پر کلورین کا محلول بنا کر سپرے کرنے اور پمپ کے استعمال کا طریقہ بتایا، شہریوں کی آسانی کے لئے واسا ایبٹ آباد ہر پمپ کے ساتھ ہدایات کی پرچی اور کلورین پاؤڈربھی دے رہاہے۔پروگرام کے اختتام پرچئیرمین بورڈ آف ڈائریکٹرزواسا ڈی آئی جی (ر) سرفراز خان نے یونیسف اور سرکاری اداروں کے افسران کا شکریہ ادا کیا۔